لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر اور اولپمئن منصور احمد نے بھارتی حکومت سے اپیل کی ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کا علاج کیا جائے۔
پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر منصور احمد کافی عرصہ سے عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور کراچی میں زیرِ علاج ہیں۔ ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ دل کی پیوند کاری سے ان کی حالت میں بہتری آ سکتی ہے اور یہ علاج اس وقت بھارت میں کامیابی سے ہو رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق منصور احمد نے بھارتی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے ویزے اور علاج کے سلسلے میں انسانی ہمدردی پر غور کریں۔ انھوں نے اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں انہیں بہتر علاج معالجہ کی ضرورت ہے جو اس وقت انڈیا میں ممکن ہے۔
یاد رہے کہ منصور احمد کی شاندار گول کیپنگ نے 1994ء میں پاکستان کو سڈنی میں عالمی کپ جتوایا تھا۔ اسی سال ان کی گول کیپنگ نے پاکستان کو لاہور میں چیمپیئنز ٹرافی جتوانے میں بھی فیصلہ کن کردار ادا کیا تھا۔