کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں جنرل الیکشن 2024ء کے حوالے سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت کی گئی۔
مذاکرات میں مسلم لیگ ن کے رانا مشہود، بشیر میمن، علی اکبر گجر جبکہ ایم کیوایم کے امین الحق، جاوید حنیف اور حسان صابر شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ این اے 242 پر دونوں جماعتوں میں ڈیڈلاک برقرار ہے، دونوں جماعتیں این اے 242 چھوڑنے کو تیارنہیں۔
ایم کیو ایم این اے 229 اور این اے 230 پر مسلم لیگ ن کی حمایت کرے گی، دونوں قومی حلقوں سے منسلک صوبائی سیٹوں میں سے ایک پر مسلم لیگ ن جبکہ دوسری پر ایم کیوایم کا امیدوار الیکشن لڑے گا۔
مزید برآں لیاری سے قومی اسمبلی کی نشست پر ایم کیو ایم مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کرے گی جبکہ این اے 242 کا حتمی فیصلہ مرکزی قیادت کرے گی۔