وزیراعلیٰ پنجاب نے تحصیل تونسہ میں ایڈز کے سدباب کیلئے آپریشنل پلان طلب کر لیا

Published On 28 March,2025 09:29 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے تحصیل تونسہ میں ایڈزکے سدباب کیلئے آپریشنل پلان طلب کر لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں تحصیل تونسہ کے علاقے میں مبینہ طور پر ایڈز پھیلنے کے اسباب کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تحصیل تونسہ میں ایڈزکے سدباب کے لئے آپریشنل پلان طلب کر لیا۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر یونیسیف، ڈبلیو ایچ او اور محکمہ ہیلتھ پنجاب کا جوائنٹ مشن قائم کر دیا گیا جو ایڈز کے سدباب کیلئے 7 تا 14 اپریل متاثرہ بچوں کی ہسٹری ٹریسنگ کرے گا، جوائنٹ مشن ایڈز کنٹرول اور بچاؤ کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز کو تجاویز پیش کرے گا، مریم نواز کی ہدایت پر متاثرہ علاقوں میں ہاؤس ہولڈ سکریننگ بھی کی جائے گی۔

مریم نواز کی ہدایت پر تونسہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور دیگر طبی مراکز میں ایڈز کے علاج کیلئے خصوصی مراکز قائم کر دیئے گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ایڈز سے متاثرہ بچوں کے مکمل فری علاج کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایڈز سے متاثرہ بچوں کے علاج میں کوئی کمی یا کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ایڈز کے پھیلاؤ کے اسباب اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مرض کے رسک سے بچاؤ کیلئے موثر اور ٹھوس اقدامات کا حکم بھی دیا۔