لاہور: (ویب ڈیسک ) عام انتخابات 2024 کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف الیکشن ٹریبونلز میں کل سے اپیلیں دائر کی جائیں گی۔
ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع ہونے، منظور یا مسترد ہونے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے ، ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں پر اپیلوں کا عمل کل سے 3 جنوری تک جاری رہے گا۔
ان اپیلوں پر انتخابی ٹریبونل 10جنوری تک فیصلہ کریں گے جبکہ امیدوار اپنے کاغذات 12 جنوری تک واپس لے سکیں گے۔
امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو دیے جائیں گے جبکہ عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔
ملک بھر کے اضلاع میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کی فہرستیں جاری کر دی گئیں ، ان فہرستوں میں کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانیوالوں میں ملک کی کئی بڑی سیاسی شخصیات بھی شامل تھیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی سمیت سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔
اسی طرح سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور پنجاب کی سابق وزیر یاسمین راشد، اختر مینگل، فواد چودھری اور انکی اہلیہ حبا فواد،اعظم سواتی ، ذوالفقار مرزا، فہمیدہ مرزا اور انکے بیٹے کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیے گئے۔
دوسری جانب ن لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری اور صادق سنجرانی سمیت دیگر کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے۔