شیخ رشید کا کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان

Published On 30 December,2023 08:52 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا۔

کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر جاری ویڈیو پیغام میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ قابل احترام آر او نے آج آدھے گھنٹے کے نوٹس پر مجھے کمشنر آفس طلب کیا، میرے کاغذات کی سکروٹنی ہوئی، الزام لگا کہ میں نے مری ریسٹ ہاؤس ٹھہرنے کے پیسے ادا نہیں کیے، میں آج تک مری کے ریسٹ ہاؤس نہیں ٹھہرا۔

انہوں نے کہا کہ جو الزام لگا اس کے پیسے دینے کیلئے تیار ہوں، ایک زمین کے مچلکے کا الزام لگایا کہ ڈکلیئر نہیں کی، میری اپنی جو بھی زمین ہے میرے نام پر ہے، سپریم کورٹ نے زمین کے کاغذات کے معاملے میں میرے حق میں فیصلہ دیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرے اوپر ٹیکس چھپانے کا بھی الزام لگا، آج تک ٹیکس نہیں چھپایا، مجھے نااہلی قبول ہے، نااہل کیا جانا میرے لیے اعزاز ہے، میں اپیل کروں گا، سپریم کورٹ تک جاؤں گا۔

سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ میں کئی مرتبہ وزیر رہا، 94 ہزار کی کرپشن کیوں کروں گا، کل اپیل کروں گا کہ غیر ذمہ دارانہ الزام واپس لیں، میں ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ تک جاؤں گا، این اے 56 اور 57 سے قلم دوات جیتے گی۔