کراچی: (دنیا نیوز) مریم نواز کے ترجمان اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ نوازشریف کی ضمانت منظور ہوچکی اب وہ پاکستانی سرزمین پر آزاد حیثیت سے آئیں گے۔
سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے مسلم لیگ ہاؤس میں پریس کانفرنس کی، نوازشریف کی استقبالیہ کمیٹی کے سربراہ بشیر میمن سابق سینیٹر نہال ہاشمی، سابق ایم این اے کھیل داس بھی پریس کانفرنس میں شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں بھی نواز شریف کی حفاظتی ضمانت منظور
محمد زبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی حفاظتی ضمانت منظور ہو چکی، میاں نوازشریف پاکستانی سرزمین پر آزاد حیثیت سے آئیں گے، نوازشریف کا استقبال فقیدالمثال ہو گا، کراچی، حیدرآباد، سکھر سے کارکن ٹرین اور بسوں سے قافلے کی صورت میں لاہور جائیں گے، سندھ کے عوام نوازشریف سے محبت کرتے ہیں۔
سابق گورنرنے کہا کہ نوازشریف ہفتہ کو دبئی سے چلیں گے، سندھ کا قافلہ سٹی ریلوے سٹیشن سے چلے گا، کینٹ، ڈرگ روڈ اور لانڈھی پر رکے گا، لانڈھی میں پریس کانفرنس کریں گے، دوسری ٹرین حیدرآباد سے چلے گی، ہمارے کارکن ناراض ہیں، زیادہ لوگوں کو نہیں لے جاسکتے، ہم سب کو بتانے کی کوشش کررہے ہیں کہ محدود لوگوں کو لے جا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ضمانت نوازشریف کا بنیادی حق، عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں: شہباز شریف
محمد زبیر نے مزید کہا کہ میاں نوازشریف کی محبت ہے، لوگ بہت بڑی تعداد میں جانا چاہتے ہیں، روہڑی سٹیشن پر ہمارا جلسہ ہوگا، سندھ کے عوام کو نوازشریف سے بہت محبت ہے، ہم ہر ایک کو کم سے کم مشکلات دینا چاہتے ہیں۔
بشیر میمن نے کہا کہ اب ہمیں بہت سے لوگوں کو منع کرنا پڑ رہا ہے، دن بدن لوگوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے انتظامات میں مشکلات ہیں، نہال ہاشمی نے کہا کہ ہماری ایک ہفتے کی تیاری سے سندھ کے کونے کونے سے لوگ آرہے ہیں، سکھر، شہداد پور اور دیگر شہروں میں لوگ بڑی تعداد میں ہمارے ساتھ ہیں۔