کراچی: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ انتخابات کے غیر جانبدار، پُرامن انعقاد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے زیر صدارت عام انتخابات سے متعلق اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں چاروں صوبوں کے ارکان ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور آئی جی سندھ نے شرکت کی۔
سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ انتخابات کے عمل میں کوتاہی کرنے والے اہلکاروں اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے مختصر جائزہ پیش کیا، انتخابی فہرستوں کی اپ ڈیٹ اور ووٹر رجسٹریشن کے حوالے سے آگاہی بھی دی، شرکا کو بتایا گیا کہ الیکشن کو صاف، شفاف، منصفانہ بنانے کے لیے آرمی اور رینجرز کی مدد بھی لی جائے گی۔
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL) (@ECP_Pakistan) October 17, 2023
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے سپیشل پلان مرتب کرنے کے احکامات بھی دیئے۔
شرکا کو بتایا گیا کہ سندھ میں 2 کروڑ 67 لاکھ 83 ہزار 254 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، سندھ میں قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔
آئی جی سندھ رفعت مختار نے کہا کہ سندھ پولیس کی جانب سے سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے، عام انتخابات میں 1 لاکھ 10 ہزار 334 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
رفعت مختار نے بتایا کہ کوئیک ریسپانس فورس بھی کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی صورت میں الرٹ ہوگی، الیکشن کے پُرامن انعقاد کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔