زلزلہ زدگان کی امداد کے حوالے سے پراپیگنڈا مہم کو مسترد کرتے ہیں: مریم اورنگزیب

Published On 19 February,2023 10:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے حوالے سے پراپیگنڈے کا مقصد پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم ترکیہ میں زلزلے کے بعد انسانی امداد کے حوالے سے گمراہ کن اور من گھڑت پروپیگنڈا پھیلانے والے بد دیانت عناصر کی جانب سے شروع کی گئی منظم مہم کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔

اس سے قبل مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اب صرف ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کے خلاف مہم چلا رہی ہے، عدلیہ کا تمسخر اور تضحیک جو آپ کر رہے ہو اُس کی مثال نہیں ملتی، عدلیہ سے گالی دھمکی اور دھونس سے ہر روز بیل تم لیتے ہو عمران خان صاحب یہ بیان دینے کیلئے بہت ساری بے شرمی چاہئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ (ن) لیگ اب صرف اور صرف تمہیں اور تمہارے سہولت کاروں کو بے نقاب کرنے، پاکستان کی معیشت کو کھوکھلا کرنے اور عوام کو بے روزگار کرنے والے کرداروں کے خلاف مہم چلا رہی ہے، مسلم لیگ ن اب صرف فارن ایجنٹ اور توشہ خانہ چور اور ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔