سیاسی نالائقی پر عمران خان نوبل انعام کے حقدار ہیں: احسن اقبال

Published On 19 February,2023 06:48 pm

شکر گڑھ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا سیاست سے باہر نکلنا "ووٹ کو عزت دو " کی جیت ہے۔

شکر گڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ، بیورو کریسی اور سیاست دانوں کو ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے، عمران حکومت کو بعض ججوں اور جرنیلوں نے ہم پر مسلط کیا، خوشی ہے علی وزیر کو رہائی ملی، یہ قانون کی جیت ہے، عمران حکومت، دہشت گردوں کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع دے کر گئی۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ووٹ کو عزت دو بیانیہ زندہ ہے، زندہ رہے گا، آئین پاکستان عوام کے حق حکمرانی کی نگہبانی کرتا ہے، بد قسمتی سے عدلیہ کے کچھ فیصلے عمران خان کی سیاست کے پیچھے کھڑے ہیں، پرویز الہٰی ٹیپ سے میچ فکسنگ کے بعد اب عدالتی کیس فکسنگ ہو رہی ہے، پرویز الہٰی ٹیپ کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لگتا ہے عمران خان ملک دشمن قوتوں کا آلہ کار بن چکا ہے، بھارت اور پی ٹی آئی میڈیا سیل ایٹمی پروگرام کے خلاف بے بنیاد مہم چلا رہا ہے، عمران خان اپنی سیاست کو ختم ہوتا دیکھ کر حواس باختہ ہو چکا ہے اور اپنے کارکنان کو جیلوں میں ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، دو صوبائی حکومتیں ختم کرنے پر عمران خان کے شکر گزار ہیں، سیاسی نالائقی پر عمران خان نوبل انعام کے حقدار ہیں۔