کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ دار ہم سب ہیں، ماضی میں کبھی سیاسی و معاشی حالات اتنے خراب نہیں تھے، ایک دوسرے پر الزامات سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی میں تشویش ناک واقعہ پیش آیا، ایسے واقعات کا پہلا بھی یکجا ہو کر مقابلہ کیا اور اس خرابی سے نجات حاصل کی، یہ واقعات معیشت کو مزید کمزور کردیں گے، کوئی ریاست ایسے حملے برداشت نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی حلقے ایک دوسرے پہ الزامات لگا رہے ہیں، ایک دوسرے کو جیل میں ڈالنے سے ملکی معاشی حالات بہتر نہیں ہوں گے، اپنے پلیٹ فارم سےعوام اور مسائل کے حل کی بات کر رہے ہیں، یہ اقتدار کی جنگ نہیں، مسائل کے حل کی غیر سیاسی پلیٹ فارم سےکوشش ہے۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کل ہمارا سیمینار تھا مگر کراچی میں ہونے والے واقعے کی وجہ سے مناسب نہیں سمجھا کہ سیمینار کیا جائے، ہمارا سیمینار اب 4 مارچ کو کراچی میں منعقد ہوگا۔