کوئی شبہ نہیں ہماری حکومت ہے، (ن) لیگ نے مشکلات کا سامنا کیا، خاقان عباسی

Published On 19 February,2023 06:28 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ (ن) لیگ نے مشکلات کا سامنا کیا ہے، اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ہم حکومت میں ہیں۔

راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جن حالات میں مسلم لیگ (ن) حکومت میں آئی ان سے آپ کا باخبر ہونا بہت ضروری ہے، ہم ملک کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس کی ایک سیاسی قیمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی آزاد الیکشن ہوا (ن) لیگ راولپنڈی سے جیتی ہے اور جب دھاندلی ہوئی تو رزلٹ کچھ اور آیا ہے، ہم نے پوری محنت کرنی ہے اور اچھے امیدوار دینے ہیں، مریم نواز آئیں اور ہمیں عزت بخشی گئی ہے۔

قبل ازیں جب شاہد خاقان عباسی ورکرز کنونشن میں شرکت کیلئے سٹیج پر آئے تو وہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی برابر نشست پر بیٹھنے ہی والے تھے کہ مریم نواز نے انہیں روک دیا۔

مریم نواز نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اصرار کر کے اپنی مرکزی نشست پر جگہ دی اور خود ان کے ساتھ والی کرسی پر بیٹھ گئیں۔