سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی فواد چودھری کی گرفتاری کی مذمت

Published On 25 January,2023 08:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کی غیر قانونی گرفتاری کی شدید مذمت کی گئی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

سپریم کورٹ بار کے جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چودھری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے رکن ہیں، سپریم کورٹ بار کو ان کی گرفتاری پر گہری تشویش ہے، فواد چودھری کے ساتھ بدسلوکی اور ہتھکڑیاں لگانا توہین آمیز رویہ ہے۔

سپریم کورٹ بار نے مزید کہا کہ آئین پاکستان ہر فرد کو شفاف ٹرائل اور حسن سلوک کی ضمانت دیتا ہے، گرفتاری کی وجوہات نامعقول ہیں جن کا کوئی قانونی جواز نہیں، سابق وفاقی وزیر کی گرفتاری اختیارات کے ناجائز استعمال اور سیاسی انتقام کی واضح مثال ہے۔

اعلامیہ میں مزید کہا کہ سیاسی مخالفین کی آواز دبانے کی روایت ختم ہونی چاہیے، آرٹیکل 19 ہر شہری کو آزادی اظہار کے یکساں مواقع فراہم کرتا ہے، اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہونی چاہیے۔