استعفوں کے معاملے پرغیر قانونی رویہ اختیار کیا گیا، ہائیکورٹ سے رجوع کرینگے: اسد عمر

Published On 04 October,2022 01:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ استعفوں کے معاملے پر غیر قانونی رویہ اختیار کیا گیا، کوشش کی جا رہی ہے قانون توڑ کر تحریک انصاف میں دراڑ ڈالی جائے، ہم یہاں تک کیسے پہنچے، آڈیو لیکس میں سب موجود ہے،استعفوں سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری تحریک انصاف اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک کی جمہوریت میں صرف سیاستدانوں کا کردار نہیں ہے، آڈیو لیکس سے حکومت کو نقصان اور پی ٹی آئی کو فائدہ ہوا ہے، ہماری لیکس میں ثابت ہوا عمران خان جو بند کمرے میں کہتے ہیں وہ سچ ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آڈیو لیکس کا چرچا ہے، ہماری بات بھی اس سے جڑی ہوئی ہے، آڈیو لیکس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کی باتیں ہیں، وزیراعظم اور کابینہ آڈیو لیکس میں استعفوں سے متعلق باتیں کر رہے ہیں، ہم یہاں کیوں پہنچے، استعفے کیسے ہوئے سب آڈیو لیکس میں موجود ہیں، ضمیروں کی بولی لگا کر لوگوں کا ووٹ خریدا گیا، قومی سلامتی کمیٹی دو بار کہتی ہے کہ مداخلت ہو رہی ہے، عمران خان نے بھی کابینہ مداخلت کی بات کی، دو دن بات کے بعد استعفے کا فیصلہ ہوا، استعفی دیا جاتا ہے، جس کے بعد سپیکر نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ میں جائیں گے کیونکہ آڈیو لیکس میں واضح ہے کہ الیکشن کمیشن کیسے فرمائش پر کام کرتا ہے، کئی بار کہہ چکے ہیں کہ الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کا حلیف بن چکا ہے، ایک دن ایک ہی طریقے سے 123 افراد نے استعفے دیئے، کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک استعفیٰ کا قبول ہوجائے ایک کا نہیں۔