عمران خان کیخلاف مقدمات بے بنیاد، امپورٹڈ حکومت خانہ جنگی چاہتی ہے: بابر اعوان

Published On 02 October,2022 06:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف مقدمات بے بنیاد ہیں، کل شام سے پی ٹی آئی چیئرمین کو گرفتار کرنے کی بہت کوشش کی گئی، امپورٹڈ حکومت ملک میں خانہ جنگی چاہتی ہے، پاکستان کی تاریخ اور تقدیر دونوں بدلنے جا رہی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب الیکشن ہارنے کے بعد یہ پاگل ہوگئے ہیں، آڈیو لیکس میں الیکشن ملتوی کرانے کے آرڈرز سامنے آئے، توشہ خانہ ریفرنس میں حکومت کیخلاف کیس کریں گے، توشہ خانہ ریفرنس میں یہ پچھلی گلی سے بھاگ گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے امپورٹڈ حکومت کو اقتدار کی کرسی نہیں بلکہ توے پر بٹھا دیا گیا ہے۔، عمران خان کی گرفتاری کیلئے پاکستان کی تاریخ بدل دی گئی، عمران خان نے وارنٹ کے بعد علاج کا بہانہ نہیں ڈھونڈا، عمران خان ہرجگہ سرخرو ہورہے ہیں، کل پورا پاکستان بغیر کال کے عمران خان کیلئے کھڑا ہوگیا۔

بابر اعوان نے کہا کہ عدالت کو بتایا اسی کیس میں پہلے سے ضمانت لی ہوئی تھی، عمران خان کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیاگیا، ان کو گزشتہ رات سے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، حکومت خانہ جنگی چاہتی ہے، ہم بھاگنے نہیں دیں گے، پی ٹی آئی چیئرمین کی کال کا انتظار ہے، کال پر پورا پاکستان باہر نکلے گا، پاکستان کی تاریخ اور تقدیر بدلنے جارہی ہے، عمران خان بہت جلد کال دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف جتنے مقدمات بنے کسی سیاسی لیڈر کیخلاف نہیں بنے، جتنے کیسز کرنے تھے کرلیے اب کیسز کرنے کی ہماری باری ہے، ہمارے کیسز حقائق پر مبنی ہوں گے۔