پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو شدید دھچکا لگ گیا، آزاد حیثیت میں منتخب 200 سے زائد ویلیج و نیبرہوڈ چیئرمین بیک وقت تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں شمولیتی تقریب کے دوران بلدیاتی نمائندوں نے پاکستان تحریک انصاف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ہری پور، جنوبی وزیرستان، ٹانک، تورغر، لکی مروت، بٹگرام اور مانسہرہ سے چیئرمین نے شمولیت پی ٹی آئی میں اختیار کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کے صرف نام رہ جائیں گے، ملک اور صوبے میں تحریک انصاف کا مقابلہ ناممکن بن چکا ہے، تحریک انصاف کی جڑیں گھر گھر تک پھیلی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ہر مکتبہ فکر کا مکمل اعتماد حاصل ہے، امپورٹڈ کابینہ خیبرپختونخوا کو اپنا حق نہیں دے رہی، وفاقی حکومت سابقہ فاٹا کے ترقیاتی بجٹ پر خاموش ہے، ہم امپورٹڈ حکومت سے خیبرپختونخوا کا حق چھین کر لینگے۔