پنجاب میں احساس راشن پروگرام سے 80 لاکھ خاندان مستفید ہونگے: عمر سرفراز

Published On 03 October,2022 12:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ شہباز، زرداری حکومت انتقام میں اندھی ہو چکی مگر پی ٹی آئی کی صوبائی حکومتوں کی توجہ عوامی خدمت پر ہے۔

مشیر اطلاعات پنجاب عمرسرفراز چیمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین عمران خان کے وژن اور وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی قیادت میں پنجاب میں حقیقی مثالی ریلیف کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، عمران خان کے وژن کے مطابق چودھری پرویزالٰہی کی قیادت اور ثانیہ نشتر کی انتھک کاوشوں سے 100ارب روپے کے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغازکر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز زرداری حکومت کی نااہلی سے مہنگائی کی چکی میں پستی عوام کیلئے یہ بڑا تحفہ ہے، پنجاب کے 80 لاکھ خاندان اس عظیم فلاحی منصوبے سے مستفید ہونگے، آٹا، دالیں، کوکنگ آئل اور گھی میں 40 فیصد تک رعایت ملے گی۔

عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ مستحق افراد کی رجسٹریشن کا عمل 2 ہفتے تک جاری رہے گا، ضرورت مند خاندان کے سربراہ 8123 پر اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر بھیج کر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، احساس پنجاب کی ویب پورٹل پر جا کر بھی رجسٹریشن کروائی جاسکتی ہے۔