اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف بے نقاب ہو گئی ہے، تمام سیاستدانوں کی کرپشن اکٹھے کر کے اکیلے عمران خان کے برابر نہیں ہوسکتی۔
پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کو خوش آمدید کہا ہے، سندھ بلدیاتی نظام پر گفتگو کی ہے، سندھ اور کے پی کے میں ایسی قانون سازی ہورہی ہے جس میں بلدیاتی اداروں کے اختیارات کم کئے جارہے ہیں، مصطفی کمال کے موقف میں وزن ہے، قانون سازی آئین کے مطابق ہونا چاہئے، اس پر مزید مشاورت جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے الیکشن کمیشن سے 53 اکاؤنٹس کو چھپایا: فضل الرحمان
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف بے نقاب ہو گئی ہے، سارے سیاستدانوں کی کرپشن اکٹھے کر کے اکیلے عمران خان کے برابر نہیں ہوسکتی، ثابت ہوگیا اسے نااہل طریقے سے لایا گیا، ثابت ہوگیا عمران خان کا پورا ٹبر چور ہے، ثابت ہوگیا اس کے پیچھے بین الاقوامی لابی ہے۔
اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا سیاست میں بڑا مقام ہے، پاک سر زمین پارٹی مولانا کو کے پی کے میں کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، ملک کسی کے اشارے اور ایما پر نہیں آئین پر چلنا چاہئے، وزرائے اعلی اٹھارہویں ترمیم میں وفاق سے لئے اختیارات بلدیات کو منتقل نہیں کر رہے، نوجوان مایوس ہو رہے، کراچی میں نوجوان خود کشیاں کررہے ہیں۔