عمران خان نے الیکشن کمیشن سے 53 اکاؤنٹس کو چھپایا: فضل الرحمان

Published On 05 January,2022 02:18 pm

پشاور: (دنیا نیوز) فضل الرحمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ سے متعلق اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ چشم کشا ہے، عمران خان نے الیکشن کمیشن سے 53 اکاؤنٹس کو چھپایا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فنڈنگ میں خردبرد کے اشارے بھی انتہائی خطرناک رجحانات ہیں، ان اکاؤنٹس میں بیرون ممالک سے کئی مشتبہ اداروں اور افراد کی فنڈنگ آئی، عمران خان مالی مدد دینے والی غیر ملکی قوتوں کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں، مقدمہ کو نمٹانے میں تاخیر نے پہلے ہی کئی شبہات پیدا کیے، تحقیق سے ثابت ہوا اکبر ایس بابر کے الزامات درست تھے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وقت نے ثابت کر دیا عمران خان عالمی طاقتوں کا مہرہ ہیں، عمران خان کا ملک و قوم کے مفادات سے کوئی سروکار نہیں، عمران خان کا دور قوم کے مستقبل پر تباہ کن اثرات ڈال گیا، ملکی اداروں کو بھی قومی سلامتی کو درپیش خطرات پر سنجیدگی سے سوچنا چاہئے، قوم کو بتایا جائے کن افراد اور تنظیموں نے مالی مدد دیکر کیا مقاصد حاصل کئے۔