حکومت کا ملک بھر میں خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات جیسا حال ہو گا: فضل الرحمان

Published On 22 December,2021 06:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دھاندلی کی پیداوار حکومتیں ہیں، خیبر پختونخوا کے عوام نے ترقی کے دعویداروں کو آئینہ دکھا دیا، جلد پورے ملک میں ان کا یہی حال ہو گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں آئین کی بات کرتے ہیں، آپ ٹھیک ہو جائیں، ہم تو ٹھیک ہیں، یہ دھاندلی کی پیداوار حکومتیں ہیں، اس بات کا اندازہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں ہونے والے نتائج سے سامنے آیا۔ پورے ملک میں یہی صورتحال ہو گی، جب تھوڑا سا ہاتھ ہٹایا عوام کو موقع دیا تو حشر نشر آپ نے دیکھا۔ پاکستان کو امن اور خوشحال معیشت کی ضرورت ہے، یہ ایک حیوانی معاشرہ تشکیل دینا چاہ رہے ہیں، بے حیائی اور فحاشی پر ہماری بہنوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ، آج بھی ظلم کے خلاف میرے سینے میں تپش زندہ ہے۔

امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کا کہنا تھا کہ اسلامی تاریخ میں علماءے کرام نے قرآن کی تعلیم دنیا تک پہنچائی، ہمارے حکمران مدارس کی اہمیت ختم کرنا چاہتے ہیں، برائے نام کتابوں کو کالجوں اور سکولوں میں پڑھانے کی بات کرتے پیں۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمہارے دماغوں میں جو غلاظت ہے ہم اس سے واقف ہیں۔ ہم بڑے پیار سے کہنا چاہتے ہیں، ان شیطانی ذہنوں سے باہر آجاؤں، ہم قومی دائرے میں آنے کے لیے تیار ہیں، تم ذرا اسلامی دائرے میں آجاؤ، ہم آپ کو برداشت کر رہے ہیں، آپ تو ہمیں ایک لمحے کیلئے برداشت نا کریں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکی وفد ہمارے پاس آیا جنہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ افغانستان میں امن اور خواتین کی تعلیم قائم کرنا ہے، امریکی وفد کو آگاہ کیا آپ نے یہ نکات تب کیوں نہیں رکھے جب آپ معاہدہ کر رہے تھے، امریکی جن انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں؟ جو گوانتانامو جیل میں دیے جاتے ہیں۔
 

Advertisement