کراچی: (دنیا نیوز)حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایک مرتبہ پھر عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ 23مارچ نااہل، ناجائز حکمرانوں سے نجات کا دن ہو گا۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ سندھ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج صوبہ سندھ پی ڈی ایم کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران احتجاجی مارچ سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا گیا۔
صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ کون کہتا ہے کہ فارمولا بنالیں، ابہام پرمبنی سوال نہیں کرنا چاہیے۔ پی ڈی ایم کی جدوجہد کے نتیجے میں خیبرپختونخوا میں حوصلہ افزا نتائج آئے، خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن ابتدا ہے۔ 23مارچ نااہل، ناجائزحکمرانوں سے نجات کا دن ہوگا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کو مہنگائی مارچ اسلام آباد پہنچے گا، ملک کے کونے کونے سے نئے عزم ولولے کے ساتھ ہم پہنچیں گے، ہمیں 2018ء کے الیکشن کے حوالے سے شکایت تھی۔
امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کا کہنا تھا کہ رواں بلدیاتی الیکشن میں مداخلت نہیں تھی تو نتائج بھی آپ نے دیکھ لیے، 2018 میں زبردستی کی حکومت کو عوام پر مسلط کیا گیا۔