اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی ایئر لائن کا ایک اور طیارہ چین سے انسداد کورونا ویکسین کی مزید 3 لاکھ سے زائد خوراکیں لے کر پاکستان پہنچ گیا۔
انسداد کورونا ویکسین کی 3 لاکھ سے زائد خوراکیں لے کر پی آئی اے کا خصوصی طیارہ گزشتہ رات چین سے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا۔ قومی ایئر لائن کی تین پروازوں کے ذریعے کورونا وائرس سے بچاؤ کی مجموعی طور پر 10 لاکھ خوراکیں چین سے لائی گئیں۔ پہلی پرواز گزشتہ روز 8 بجے، دوسری پرواز دن 12 بجے بیجنگ سے ویکسین لے کر اسلام آباد پہنچی تھیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 131 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 811 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 20 ہزار 823 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 112 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ ایک ہزار 114، سندھ میں 2 لاکھ 82 ہزار 445، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 17 ہزار 557، بلوچستان میں 22 ہزار 278، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 305، اسلام آباد میں 75 ہزار 67 جبکہ آزاد کشمیر میں 17 ہزار 57 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 17 لاکھ 88 ہزار 127 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 099 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 11 ہزار 465 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 360 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 131 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 811 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 410، سندھ میں 4 ہزار 633، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 274، اسلام آباد میں 679، بلوچستان میں 234، گلگت بلتستان میں 106 اور آزاد کشمیر میں 475 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔