مشکل حالات سے انشاءاللہ ایک قوم بن کر نکلیں گے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

Last Updated On 07 April,2020 07:11 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کا بھرپور جائزہ لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ ان حالات سے ایک قوم بن کر نکلیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈرز اجلاس میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج کی تعیناتی کے پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں ہونے والی کانفرنس میں کور کمانڈرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں خطے اور قومی سیکیورٹی صورتحال پر بھی غور کیا گیا

کور کمانڈرز نے کورونا وائرس کے مشکل ماحول میں کام کرنے والے ڈاکٹرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر اجلاس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی کہ کمانڈرز گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اندرون سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں تک پہنچیں۔ ان علاقوں میں اہم وسائل کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔

 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بطور قوم پرعزم جوانوں کے ساتھ اس چیلنج سے نمٹیں گے اور ان مشکل حالات سے انشاء اللہ ایک قوم بن کر نکلیں گے۔

 

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کےمیڈیکل سٹاف کیلئےکورونا سے بچائو کا ضروری سامان بھجوا دیا: آئی ایس پی آر

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر بلوچستان کے میڈیکل سٹاف کیلئے کورونا کے حفاظتی لباس سمیت ضروری سامان بھجوا دیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف فرنٹ لائن سپاہی ہیں۔ وائرس سے حفاظت کے پیش نظر بلوچستان کے میڈیکل سٹاف کیلئے ضروری سامان روانہ کر دیا گیا ہے جس کی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے خصوصی ہدایت کی۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سب کو صبر کا مظاہرہ اور ثابت قدم رہنا ہوگا۔ ترقی یافتہ ممالک کو بھی اس وبا سے نمٹنے میں مشکلات درپیش ہیں۔ حکومت پاکستان تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔