پاکستان میں کورونا وائرس میں مبتلا 4005 کنفرم مریض، ہلاکتیں 54 ہوگئیں

Last Updated On 07 April,2020 09:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے 39183 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ چوبیس گھنٹوں میں 3088 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ 577 نئے کیس سامنے آئے اور 4 اموات رپورٹ ہوئیں۔

صوبہ پنجاب کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں ہر روز مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس وقت پنجاب میں 2004 کنفرم مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

دیگر صوبوں کی بات کی جائے تو سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد 83، سندھ 932، خیبر پختونخوا 500،بلوچستان 202، آزاد کشمیر 19 جبکہ گلگت بلتستان میں 211 کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 54 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، 28 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 429 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ: ڈاکٹرز کا وزیراعلیٰ سندھ کو لاک ڈاؤن بڑھانے کا مشورہ

تمام بڑے ہسپتالوں کے ڈاکٹرز نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ کو لاک ڈاؤن بڑھانے کا مشورہ دیدیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صوبہ سندھ میں لاک ڈاون بڑھایا نہ گیا تو کورونا وائرس وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بہت بڑھ جائے گی جس سے پورے ملک کا ہیلتھ کیئر نظام بیٹھ جائے گا۔ خبریں ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹروں کی تجویز پر مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے مختلف طبقات کو ریلیف کیلئے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مجوزہ آرڈیننس کے مندرجات پر غور مکمل کیا جا چکا ہے۔

اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ کے سینئر ارکان سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ مجوزہ آرڈیننس میں مختلف سیکٹرز کیلئے محصولات کی وصولی نرم کی جائے گی۔ صوبائی محصولات کی وصولی میں رعایت بھی مجوزہ آرڈیننس میں شامل ہے۔

مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کو فوری طور پر آرڈیننس کا ڈرافٹ تیار کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ ریلیف دینے کیلئے ٹیکسز میں تین ماہ چھوٹ دی جائے گی۔

سپریم کورٹ کا تفتان، چمن اور طورخم بارڈر پر فوری قرنطینہ سنٹرز بنانے کا حکم

ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر سپریم کورٹ نے تفتان، چمن اور طورخم بارڈر پر فوری قرنطینہ سنٹرز بنانے کا حکم دیدیا ہے۔

تفصیل کے مطابق سپریم کورٹ میں کورونا وائرس سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ وبا سے لڑنے کیلئے ہنگامی قانون سازی کی ضرورت ہے۔ یہ وبا بارڈز اور داخلی راستوں سے آئی۔ حکومت ان داخلی راستوں پر کورنٹین سنٹر بنانے میں ناکام رہی۔
چیف جسٹس نے تفتان، چمن اور طورخم بارڈر پر فوری قرنطینہ سنٹرز بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہاں پر ہزار لوگوں کی گنجائش رکھی جائے جبکہ انفرادی رہائش، واٹر سپلائی، صاف ٹوائلٹس، ایمرجنسی میڈیکل سینٹرز اور لوگوں کیلئے خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

عدالت عالیہ نے حکومت کو ایک ماہ میں قرنطینہ سینٹرز بنانے اور مکمل فعال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عدالت میں پیشرفت رپورٹ جمع کرائے۔ اگر عدالتی حکم پر عمل نہ کیا گیا تو توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔

ادھر کورونا کے باعث انڈر ٹرائل قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے رہا کئے گئے قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے سنگین جرائم نیب اور منشیات کے مقدمہ میں دی گئی ضمانتیں منسوخ کر دیں، سپریم کورٹ نے قیدیوں کی رہائی سے متعلق ہائیکورٹس کے احکامات کو بھی کالعدم قرار دے دیا، سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کی تجاویز منظور کرلیں۔

سپریم کورٹ کا ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم، رہا قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرنیکا حکم

کورونا کے باعث انڈر ٹرائل قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت عظمیٰ نے رہا کئے گئے قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ نے سنگین جرائم نیب اور منشیات کے مقدمہ میں دی گئی ضمانتیں منسوخ کر دیں، سپریم کورٹ نے قیدیوں کی رہائی سے متعلق ہائیکورٹس کے احکامات کو بھی کالعدم قرار دے دیا، سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کی تجاویز منظور کرلیں۔

کورونا سے بچاؤ کیلئے پی آئی اے پائلٹس اور عملے کو حفاظتی سامان مہیا کرے گی، معاہدہ طے پا گیا

پی آئی اے اور پالپا کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔ تحریری معاہدے کے تحت قومی ایئر لائن کپتانوں اور عملے کو حفاظتی سامان مہیا کرے گی۔

سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن کے دفتر میں ہونے والے کامیاب مذاکرات کے بعد تحریری معاہدہ پر پالپا کے نائب صدر کیپٹن بجرانی اور ڈائریکٹر پی آئی اے ائیر کموڈور جواد ظفر نے دستخط کیے۔

معاہدے کے مطابق طیاروں کی ڈس انفکیشن اور پائلٹس کو مکمل حفاظتی سامان مہیا کیا جائے گا۔ کپتان طیارے کی ڈس انفیکشن کو خود مانیٹر کرے گا۔

ڈس انفیکشن کرنے والے عملے کو پی آئی اے خود تربیت دے گی۔ سی اے اے کا انسپکٹر ہر طیارے کو کلیئرنس سرٹیفکیٹ دے گا۔ اگر طیارے کا کپتان ڈس انفیکشن سے مطمئن نہیں تو طیارہ نہیں اڑایا جائے گا۔

کپتان کی تسلی کے بعد جہاز میں کوئی مسئلہ نکل آتا ہے تو پی آئی اے انتظامیہ کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جائے گا۔ کوئی کپتان جہاز میں کورونا کے حوالے سے سیفٹی پر مطمئن نہیں تو تحریری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کرے گا۔

راولپنڈی: سابق برطانوی کونسلر شبنم صادق کا کورونا کے باعث انتقال، آبائی علاقے میں تدفین

برطانیہ کی سابق کونسلر شبنم صادق کا کورونا کے باعث انتقال، آبائی علاقے کہوٹہ میں تدفین کر دی گئی۔ وہ اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔

تفصیل کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے پمز ہسپتال میں زیر علاج سابق برطانوی کونسلر شبنم صادق کا انتقال ہو گیا ہے۔ شبنم صادق اپنے شوہر کے ہمراہ چند روز قبل بیرون ملک سے آئیں تھیں۔

کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد دونوں کو ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔ شبنم صادق کے شوہر کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا تاہم بعد ازاں خاوند کو نیگیٹو آنے پر ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔

سابق برطانوی کونسلر کو طبیعت مزید خراب ہونے پر آئسولیشن وارڈ میں منتقل کیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق شبنم صادقکئی روز سے تشویشناک حالت میں وینٹی لیٹر پر تھیں اور جانبر نہ ہو سکیں۔

شبنم صادق کی راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ کے علاقے مٹور میں تدفین کردی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں چند رشتہ داروں کے ساتھ محکمہ صحت کے عملے نے شرکت کی۔

مشکل حالات سے انشاءاللہ ایک قوم بن کر نکلیں گے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کا بھرپور جائزہ لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ ان حالات سے ایک قوم بن کر نکلیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈرز اجلاس میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج کی تعیناتی کے پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں ہونے والی کانفرنس میں کور کمانڈرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں خطے اور قومی سیکیورٹی صورتحال پر بھی غور کیا گیا

کور کمانڈرز نے کورونا وائرس کے مشکل ماحول میں کام کرنے والے ڈاکٹرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر اجلاس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی کہ کمانڈرز گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اندرون سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں تک پہنچیں۔ ان علاقوں میں اہم وسائل کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بطور قوم پرعزم جوانوں کے ساتھ اس چیلنج سے نمٹیں گے اور ان مشکل حالات سے انشاء اللہ ایک قوم بن کر نکلیں گے۔

بلوچستان کےمیڈیکل سٹاف کیلئےکورونا سے بچائو کا ضروری سامان بھجوا دیا: آئی ایس پی آر


دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر بلوچستان کے میڈیکل سٹاف کیلئے کورونا کے حفاظتی لباس سمیت ضروری سامان بھجوا دیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف فرنٹ لائن سپاہی ہیں۔ وائرس سے حفاظت کے پیش نظر بلوچستان کے میڈیکل سٹاف کیلئے ضروری سامان روانہ کر دیا گیا ہے جس کی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے خصوصی ہدایت کی۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سب کو صبر کا مظاہرہ اور ثابت قدم رہنا ہوگا۔ ترقی یافتہ ممالک کو بھی اس وبا سے نمٹنے میں مشکلات درپیش ہیں۔ حکومت پاکستان تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی فہرست جاری

پنجاب سے کورونا وائرس کے مزید 86 کیس رپورٹ ہونے کے بعد تعداد 2004 ہو گئی ہے۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق 726 زائرین سینٹرز، 539 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 49 قیدیوں، 690 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ڈی جی خان 251، ملتان 457، فیصل آباد 18، رائے ونڈ مرکز 404، منڈی بہاء الدین 3، سرگودھا 16، وہاڑی 14، راولپنڈی 6، جہلم 10، ننکانہ 2، گجرات 9، رحیم یار خان 15، بھکر 1، خوشاب 4، راجن پور 1 حافظ آباد 31، سیالکوٹ 6 اور لیہ میں 13 مریض کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

بلوچستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 204 ہو گئی

بلوستان حکومت کے مطابق صوبے میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ آج 65 ٹیسٹ رپورٹس موصول ہوئے جن میں 2 مثبت جبکہ 63 منفی نتائج آئے۔ دونوں متاثرہ افراد مقامی ہیں۔ مریضوں کو علاج کیلئے آئسولیش وارڈز منتقل کر دیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر میں لاک ڈاؤن، جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر کے زیر صدارت اجلاس

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اجلاس سے خطاب میں جعلی سینٹائزرز، ماسک بیچنے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں کسی سرکاری گاڑی کو بغیر ڈیوٹی سڑک پر نہ آنے دیا جائے۔ امدادی سامان کی تقسیم کے دوران فوٹو سیشن پر پابندی ہوگی۔ لاک ڈاؤں کے دوران کسی کو علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پشاور کے دوران پور قرنطینیہ کو کلیئر کر دیا گیا

کورونا وائرس سے جہاں ہر طرف خوف وہراس پھیلا ہوا ہے، وہیں اب اچھی خبریں بھی سامنے آنے لگی ہیں۔ پشاور کے دوران پور قرنطینہ کو کلیئر کرتے ہوئے ایک سو باون زائرین کے ٹیسٹ منفی آنے پر انھیں گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

چودہ دن قرنطینہ میں گزارنے کے بعد ٹیسٹ منفی آنے پر زائرین بھی خوش دکھائی دیئے۔ان کا کہنا تھا کہ قرنطینہ میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے زائرین کو تحائف پیش کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ سب کا فرض ہے کہ وباء پھیلی تو سب کا خیال رکھیں۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں اب تک کورونا سے متاثرہ 69 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ 12 سے زائد افراد کی رپورٹ بھی منفی آئی۔

پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں کورونا کے ٹیسٹ کرنے کے انتظامات مکمل

فرانزک سائنس ایجنسی نے ہنگامی بنیادوں پر کورونا کے ٹیسٹ کرنے کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی محمد اشرف طاہر اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا نے کورونا کے مریضوں کو ٹیسٹ کی سہولت دینے کے لیے احکامات جاری کے جس کے بعد پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے کورونا کے حوالے سے ٹیسٹ کرنے شروع کر دیے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹوں کی رپورٹ متعلقہ ہسپتال اور محکمہ ہیلتھ کو بھجوائی جائے گی۔

ٹیسٹ کی سہولت بڑھا دی، کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوگا: ڈاکٹر یاسمین راشد

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کی سہولت بڑھا دی ہے جس کی وجہ سے آئندہ دو ہفتوں میں پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ پر کورونا وارڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم روزانہ 3 ہزار ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ کورونا سے بچنے کیلئے ماسک ضرور پہنیں۔ 60 سال سے زائد عمر کے افراد زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سوشل سیکیورٹی ہسپتال میں بیڈز مختص کر دیئے، حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ تعداد تبلیغی جماعت کے کارکنوں اور زائرین کی ہے، جو حالات نظر آ رہے ہیں اس میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھ رہی ہوں۔ لوگوں سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں اور احتیاط کریں۔ اپنے بزرگوں کی صحت کے لئے ان سے فاصلہ اختیار کریں۔

کوورنا وائرس کا واپسی کا سفر شروع، گلگت بلتستان میں مزید 28 افراد صحتیاب

وزیر اطلاعات شمس میر کے مطابق گلگت بلتستان میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 165 رہ گئی ہے۔ صوبے کی لیباٹری میں اب روزانہ کی بنیاد پر 100 سیمپل ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ طبقے کے لئے فوڈ پیکج کا آغاز ہو چکا ہے۔ فوڈ پیکج کا پہلی کھیپ کو نگر بھجوا دیا گیا ہے۔

سکھر قرنطینہ سینٹر سے 120 زائرین صحتیاب ہونے کے بعد گھروں کو روانہ

ان میں حیدر آباد، سکھر، ٹنڈوالہیار، گھوٹکی، جیکب آباد، نوابشاہ، شہید بے نظیر آباد، ٹنڈو محمد خاناور خیبر سمیت مختلف علاقوں کے 120 زائرین شامل ہیں۔ زائرین کے دوبارہ ٹیسٹ کرانے کے بعد رپورٹس نیگیٹو ہونے پر میڈیکل ٹیم کی اجازت کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ زائرین کو گھروں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ ایک روز قبل سکھر قرنطینہ سے 66 زائرین صحتیاب ہونے کے بعد گھروں کو روانہ ہوئے تھے۔

جھنگ قرنطینہ سینٹر میں 39 افراد میں کرونا کی تصدیق

جھنگ قرنطینہ سینٹر میں 39 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 77 زائرین کو دوروز قبل ملتان سے لایا گیا تھا جن میں سے 39 میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 2 نئے کیسز سامنے آگئے

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد 206 ہوگئی ہے جبکہ 2885 مریضوں منفی رپورٹ آئی۔ بلوچستان میں اس وقت مشتبہ مریضوں کی تعداد 3221 ہے۔ 75 مریض صحت یاب جبکہ ایک جاں بحق ہو چکا ہے۔

’کورونا وائرس سے صورتحال تشویشناک، پاکستانیو! جاگو اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے‘

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک اہم ویڈیو بیان اور ٹویٹ کے ذریعے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور تشویشناک صورتحال سے عوام کو آگاہ کیا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلا کورونا پازیٹو کیس 26 فروری کو رپورٹ ہوا، اس کے بعد 29 روز میں پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد ایک ہزار ہو گئی تھی۔

مرتضیٰ وہاب نے لکھا کہ پچھلے سات روز میں پاکستان میں کورونا پازیٹو کی تعداد دو ہزار تک پہنچ گئی، جبکہ پانچ روز میں یہ تعداد تین ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

ان کا سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غالباً تین روز میں کورونا وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد چار ہزار تک پہنچ جائیگی۔ اندازہ کریں کہ صورتحال کتنی سنگین اور پریشان کن ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیو! جاگو اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ بعد ازاں ایک ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں وفاقی حکومت کے چودہ اپریل تک کے لاک ڈاؤن پر موثر عملدرآمد کرنا ہے اور ہمیں خود کو بچاتے ہوئے دوسروں کو بھی محفوظ رکھنا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرایا جا رہا ہے لیکن اسے مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔ شہری حکومت کا ساتھ دیں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ اس وقت سندھ میں دو سو ستر کورونا مریض صحیتاب ہو چکے ہیں۔ یہ لاک ڈاؤن اور خود کو آئسولیشن میں رکھنے سے ممکن ہوا۔ اس وبا سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے اپنے گھروں پر رہیں۔