اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کرونا ٹیسٹ کے لئے خرچ پر وفاق صوبوں سے تعاون کریگا۔ رائیونڈ اجتماع کو مختصر کر دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی پروازیں صرف اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے چلیں گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان اور ایران بارڈر کو سیل کرنے کا حکمنامہ جاری کر دیا گیا۔ دونوں بارڈر دو ہفتوں تک بند رہیں گے۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے مغربی سرحدوں (ایران اور افغانستان) کو دو ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں شاہ محمود کا کہنا تھا کہ جیلوں میں قیدیوں کو ملنے کے لیے رشتہ داروں کو ذمہ داری کو مظاہرہ کرنا چاہئے۔ عوامی مقامات،عدالتوں اور میلوں میں اکٹھا ہونے سے بچا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے۔ چین نے انتہائی موثر اقدامات کیے اور اب وہ وائرس پر قابو پاتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ شائقین سے التجا ہے کہ پی ایس ایل کے میچز گھر میں ٹی وی پر بیٹھ کر دیکھیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ شادی ہالز سینما گھروں اور عوامی اجتماعات کے حوالے سے مزید احتیاط برتنا ہوگی۔ اجتماعات، سینما گھروں سے اجتناب کیا جائے۔ گلوبل خطرے سے نمٹنے کے لئے ذمہ داری کو ثبوت دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی پروازیں صرف اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے چلیں گی۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ میں ملتان جا کے لوگوں سے ملوں گا۔ قوم اعتماد رکھے حکومت موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وینٹی لیٹر ضرورت کے پیش نظر منگوائیں گے۔
نینشنل سکیورٹی اجلاس کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ سیّد مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اپنے اپنے صوبے کے بارے میں اجلاس کو بتایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس وبا کی مانیٹرنگ کے لئے وزارت صحت میں نیشنل کمیونیکشن سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے بارے میں ہدائت دی ہیں۔
یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک 22 کیسز رپورٹ ہوئے جن کی بڑی تعداد کراچی سمیت سندھ میں سامنے آئی ۔
اب تک سندھ میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 16 (15 کراچی اور ایک حیدرآباد)، گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد میں 2 ہے جب کہ کوئٹہ میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔ ان 22 کیسز میں سے کراچی میں زیرعلاج 2 مریض مکمل طور پر صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس 125 سے زائد ملکوں تک پھیل گیا ہے، دنیا بھر میں ہونے والی اموات کی تعداد5 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ دنیا بھر میں ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے،اب تک 70 ہزار سے زائد صحت یاب ہوچکے۔