اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں کرونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط لکھا ہے، اس خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔
خواجہ آصف کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، خطرناک وائرس سے دنیا بھر میں 4 ہزار 600 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
سینئر لیگی رہنما کے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں موثرحکمت عملی نہ ہونے سے خطرناک وائرس کے پھیلنے کا شدید خطرہ ہے، بحرانی صورتحال میں موثر اقدامات نہ اٹھانا سنگین جرم ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس خطرناک صورتحال کے پیش نظر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے اور وزیراعظم عمران خان حکومتی اقدامات سے ایوان کو آگاہ کریں۔