راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جی ایچ کیو میں پاک فوج کے افسران کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر بے بنیاد ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس نے دنیا کے 120 سے زائد ممالک میں اپنے پنجھے گاڑھے ہوئے ہیں، دنیا بھر میں 4200 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ چین کے بعد اٹلی میں خوفناک صورتحال پیدا ہو گئی ہے، پورے ملک کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے، جہاں پر کرونا وائرس نے خوف پھیلایا ہوا ہے وہیں پر سوشل میڈیا پر جعلی خبریں بھی پھیلائی جا رہی ہیں، سوشل میڈیاپر کرونا وائرس سے متعلق جعلی خبروں کی بھرمار ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی آفیسرز کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر کی تردید کرتے ہیں۔ پاک فوج کے افسران کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر بے بنیاد ہے۔
واضح رہے کہ ملائیشیا، تھائی لینڈ، ہنگری، اٹلی سمیت دیگر ممالک میں جعلی خبروں پھیلانے پر کارروائی کی گئی ہیں متعدد لوگوں کو جیل بھیجنے کے ساتھ ساتھ بڑے جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔