گلگت: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مودی مقبوضہ کشمیر میں آخری پتا کھیل گیا، کرفیو اٹھنے پر انسانوں کا سمندر سڑکوں پر ہوگا، کوئی طاقت مقبوضہ کشمیر کو آزادی سے نہیں روک سکتی۔
وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا گلگت بلتستان کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرا سامراج کو شکست دی، زیادہ تر لوگوں کو نہیں پتا 1947 میں گلگت بلتستان میں کیا ہوا تھا، اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کے سامنے نہیں، عدل اور انصاف سے قوم پر اللہ تعالیٰ کی برکت نازل ہوگی، یہی قوم دنیا کے سامنے مثال بنے گی، کلمہ گو کسی کے سامنے نہیں جھکتا۔
عمران خان کا کہنا تھا خوف انسان کو غلام بنا دیتا ہے، ہمارا دین ہمیں خوف سے نجات دلاتا ہے، 52 سال پہلے سکول کے ساتھ گلگت بلتستان آیا تھا، گلگت بلتستان جیسا خوبصورت علاقہ دنیا میں نہیں، گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے ہے، چین دنیا میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا مودی نے کشمیریوں کے تمام انسانی حقوق ختم کیے ہوئے ہیں، بھارتی فوج نے کشمیریوں کو قید کر کے رکھا ہوا ہے، ساری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔