اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے مسافروں سے بد اخلاقی کے واقعے پر وزیرِاعظم عمران خان کا سخت ایکشن، متعلقہ افسران کو فوری معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم نے ائیرپورٹ مینجر طاہر سکندر، ڈیوٹی ٹرمینل مینجر ظہیر اور ملک اکرم کو فوری طور پر معطل کرنے اور صورتحال کو پیشہ وارانہ انداز سے نمٹنے میں ناکامی پر مذکورہ افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کا بھی حکم دیا ہے۔
سٹیشن مینجر پی آئی اے اسلام آباد پرویز نصیر اور ان کی پوری ٹیم کو معطل کرنے اور ان کے خلاف انضباطی کاروائی شروع کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔
برگیڈئیر عرفان ظفر کی سربراہی میں بورڈ آف انکوائری تشکیل دیا گیا ہے جو انکوائری بورڈ پاکستان آرمی ایکٹ 1952ء کے تحت واقعے میں ملوث اے ایس ایف اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے گا۔
بورڈ آف انکوائری دس دنوں میں کارروائی مکمل کرے گا۔ سول ایوی ایشن، پی آئی اے اور اے ایس ایف کو فوری طور پر وزیرِاعظم عمران خان کے حکم پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔