اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت دینے کے لئے پرعزم ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ملک میں صنعت وحرفت سے متعلق امور پر بات چیت اور ٹیرف سسٹم میں مزید بہتری لانے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ٹیرف سسٹم کاروباری طبقے کی ضرورت کے مطابق بنانے کا لائحہ عمل وزیراعظم کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ صنعت کا فروغ اور منافع بخش کاروباری سرگرمیوں کے مواقع پیدا کرنا ترجیح ہے۔ ٹیرف نظام کا مقصد کاروباری طبقے کی مشکلات دور اور انھیں آسانیاں فراہم کرنا ہے۔