اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں کرفیو کو 2 ماہ سے زائد عرصہ ہو گیا، وادی جنت نظیر جیل میں تبدیل اور کشمیریوں کا کاروبار زندگی مفلوج ہے۔
اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارتی افواج انسانیت کی تذلیل کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان آج مقبوضہ جموں کشمیر کے مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چین نے کشمیر کو تاریخ کا متنازعہ مقدمہ قرار دے کر بھارتی موقف مسترد کردیا ہے، سلامتی کونسل کے مستقل رکن کا یہ اصولی موقف مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے لئے مکمل یکجہتی کا اظہار ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ آئرن برادرز کی عظیم دوستی کا مظہر ہے، مظلوم کشمیریوں کی بھرپور حمایت پر ہم چین کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔