نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا مشن کشمیر، عمران خان آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، جس میں وزیراعظم ٹرمپ کو مودی کا اصل چہرہ دکھائیں گے، دو طرفہ امور اور مسئلہ کشمیر پر غور ہوگا۔
وزیراعظم آج ترک صدر طیب اردوان سے بھی ملیں گے اور کونسل آف فارن ریلیشنز سے خطاب بھی کریں گے جبکہ چینی وزیر خارجہ، سینیگال کے صدر اور اٹلی کے وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
24 ستمبر کو وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے، امریکی سرمایہ کاروں اور ہیومین رائٹس واچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے بھی ملاقات کریں گے، امریکی صدر ٹرمپ کے عشائیہ میں بھی شرکت کریں گے۔
25 ستمبر کو عمران خان اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز جائیں گے جہاں وہ نفرت انگیز مواد کی روک تھام سے متعلق کانفرنس سے خطاب کریں گے، امریکا میں مقیم پاکستانی پروفیشنلز سے ملاقات بھی اسی روز طے ہے۔
26 ستمبر کو وزیر اعظم کی سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات ہوگی، عمران خان اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں فنانس سے متعلق اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔
27 ستمبر کو وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، اسی روز مصر، ایتھوپیا اور نیوزی لینڈ کے وزرائے اعظم سے ملاقاتیں ہوں گی اور اسی روز پریس کانفرنس بھی کریں گے۔