لاہور: (روزنامہ دنیا) عالمی فہرست میں 17 واں نمبر، ملالہ یوسفزئی خواتین میں چھٹی متاثر کن شخصیت، بل گیٹس، مشیل اوباما سرفہرست، طیب اردوان اور اداکارہ انجلینا جولی بھی شامل فہرست میں شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کی متاثر کن شخصیات میں وزیراعظم عمران خان بھی شامل ہیں۔ گزشتہ روز عالمی انڈیکس کی جانب سے دنیا کے متاثر کن مردوں اور خواتین کی فہرست جاری کی گئی۔ اس فہرست میں پاکستان کی دو قابل ذکر شخصیات نے ایک بار پھر جگہ بنائی، جن میں وزیراعظم عمران خان اور دنیا کی سب سے کم عمر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی شامل ہیں۔
عالمی انڈیکس رینکنگ کے مطابق دنیا کے قابل تعریف اور متاثر کن مردوں کی فہرست میں عمران خان کا نام 17ویں نمبر پر درج ہے جبکہ دنیا کی قابل تعریف اور متاثر کن خواتین میں ملالہ یو سفزئی کا نام 6 ویں نمبر پر درج ہے۔
عالمی انڈیکس رینکنگ میں دنیا کے متاثر کن مردوں میں گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی بل گیٹس کا نام سر فہرست ہے جبکہ دنیا کی متاثر کن خواتین میں امریکا کی سابق خاتون اول اور سابق صدر باراک اوباما کی اہلیہ مشیل اوباما سرفہرست ہیں۔
مردوں کی فہرست میں امریکی صدر باراک اوباما دوسرے اور ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے معروف ہالی ووڈ اداکار جیکی چن تیسرے نمبر پر ہیں۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو چھٹا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 14 واں اور ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان کو 19 واں نمبر دیا گیا ہے۔
خواتین کی عالمی رینکنگ میں مشہور امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفرے دوسرے، انجلینا جولی تیسرے اور ملکہ برطانیہ چوتھے اور اداکارہ ایما واٹسن پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔