'پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی'

Last Updated On 05 July,2019 11:17 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی، 'جمہوریت بہترین انتقام' کے نعرے تلے آمروں اور سلیکٹڈ وزیراعظم کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی۔

 5 جولائی کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آمروں اور کٹھ پتلیوں نے معاشرے، معیشت اور جغرافیے کو نقصان پہنچایا، ضیاء نے منشیات اور غیر قانونی اسلحہ سے نفرت، لسانیت اور مذہبی منافرت کے بیج بوئے، شہید بھٹو نے پوری قوم کو جگایا اور صلاحیتیں بروئے کار لاکر انھیں با اختیار بنایا۔

بلاول بھٹو نے کہا شہید بھٹو سمجھتے تھے کہ غربت و افلاس قدرت نہیں انسانوں کے پیدا کردہ ہیں، قائد عوام کے کمزور طبقات کو بااختیار بنانے پر استحصالی گروہ چوکنا ہوگیا، اسی استحصالی گروہ کی سازشوں نے شہید ذوالفقار بھٹو کی حکومت کا خاتمہ کیا، عوامی حکومت کے خاتمے کے بعد پیپلزپارٹی کی قیادت و کارکنان پر مظالم ڈھائے گئے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا شہید ذوالفقار بھٹو نے تاریخ کے ہاتھوں قتل ہونے کے بجائے پھانسی کو ترجیح دی، بیگم نصرت بھٹو اور شہید بی بی نے بحالی جمہوریت کے لیے جدوجہد کی، سلیکٹڈ وزیراعظم ہر ادارے کو اپنی طرح سلیکٹڈ بنانے پر تلا ہوا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم ملکی معیشت، اقدار اور قوت تباہ کرنے کے درپے ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری کیخلاف انتقامی کاروائیاں 5 جولائی 1977ء کا تسلسل ہیں، آمریتی عناصر اور جمہوریت پسندوں کے درمیان جنگ ابھی جاری ہے، کچھ بھی کرلیں، آخری فتح پاکستانی عوام کی ہوگی، غربت، افلاس اور معاشی تباہی بونے والوں کو شکست دیکر پاکستان بچائیں گے، آئیے، آج کے دن نظریہ جمہوریت سے تجدید عہد نو کریں۔