اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے دھاندلی کرکے بلز پاس کروائے ہیں، عوام کے پاس جانے کے سوا کوئی راستہ نہیں رہا۔
قومی اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر بدترین دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں ایسا بجٹ پاس نہیں ہوا، پارلیمنٹ کی تاریخ میں آج سیاہ ترین دن تھا۔ ہمارے ارکان کو بولنے ہی نہیں دیا گیا۔
بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا۔ حکومت غریب عوام کا معاشی قتل کر رہی ہے جبکہ صرف اپوزیشن جماعتیں ہی عوام کا سوچ رہی ہیں۔ آج وفاقی بجٹ دھاندلی سے پاس کیا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت غریبوں پر بوجھ ڈال کر امیروں کو ریلیف دے رہی ہے۔ یہ پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے۔ یہ سلسلہ ایسے ہی چلتا رہا تو پھر یہ نظام نہیں چل سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں ایسا بجٹ پاس نہیں ہوا۔ موجودہ سپیکر سے زیادہ غیر جانبدار ضیاء الحق اور مشرف دور کے سپیکر تھے۔ اسمبلی میں ہمارے ارکان کو بولنے نہیں دیا جاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اب ایک ہی راستہ ہے کہ عوام کے پاس جائیں اور ان کو بتائیں کے تبدیلی کے نام پر عوام کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔ کسانوں اور مزدورں کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے۔ میں پنجاب کے عوام کو بتاؤں گا کہ کس طرح حکومت نے ان کے حق پر ڈاکا ڈالا۔ پیپلز پارٹی ہر محاذ پر اس حکومت کے خلاف لڑے گی۔