بدین: (دنیا نیوز) ایک ماہ کے دوران بدین میں ایڈز کے دس کیس سامنے آنے کا انکشاف، ضلع بھر میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 90 سے تجاوز کر گئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع بدین میں ایڈز کے چار نئے کیس سامنے آئے ہیں، یہ متاثرہ مریض ڈسٹرکٹ جیل بدین کے قیدی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے بلڈ سکریننگ کے لئے 3 روزہ کیمپ لگایا گیا جہاں 380 قیدیوں کے خون کے نمونے لیے گئے جس میں سے چار قیدیوں میں ایچ آئی وی پازیٹو ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
چاروں نئے کیسز کی ڈپٹی کمشنر بدین حفیظ احمد سیال نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چاروں وائرس سے متاثرہ مریضوں کا تعلق ضلع ٹھٹہ سے ہے اور ان کی عمریں 15 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔
واضح رہے کہ بدین میں ایک ماہ کے دوران 10 کیس سامنے آ چکے ہیں، جس کے بعد اب ضلع بھر میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 90 سے تجاوز کر چکی ہے۔