اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کر دی۔
شاہ زیب قتل کیس میں مجرمان شاہ رخ جتوئی اور دیگر کی سزاوں کیخلاف اپیلوں کی سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس نظر اکبر پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے شاہ رخ جتوئی اور دیگر مجرمان کی اپیلیں مسترد کر دیں۔ عدالت نے شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا، سجاد تالپور اور غلام مرتضی لاشاری کی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔
مجرم شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو انسداد دہشتگردی عدالت نے سزائے موت کا حکم دیا تھا، مجرمان نے 25 دسمبر 2012 کو طالبعلم شاہ زیب کو قتل کیا تھا۔ درخواستگزاروں کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ صلح نامہ کی بنیاد پر تمام مجرمان کو بری کر دیا جائے۔