اسلام آباد: (دنیا نیوز) ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دے دیا۔ حکم وزیراعظم کی درخواست پر جاری کیا گیا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کے ثمرات ملنے لگے، گزشتہ رات عشایئے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کے مسائل کا ذکر کیا تھا۔ جواب میں ولی عہد محمد بن سلمان نے 24 گھنٹے مکمل ہونے سے پہلے 2 ہزار 107 پاکستانیوں کی رہائی کا فرمان جاری کر دیا۔ رہائی کا حکم وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر دیا گیا۔ ولی عہد محمد بن سلمان اپنے آپ کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر قرار دے چکے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے امید ہے باقی ماندہ پاکستانیوں کے بارے بھی جلد فیصلہ کیا جائے گا، ہمارے لیے یہ بہت بڑی خبر ہے، بہت سے پاکستانی خاندانوں کی آج سنی گئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ولی عہد محمد بن سلمان کے بے حد شکرگزار ہیں، اس خیر سگالی اقدام سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔
ادھر وزیراعظم نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے جملے نے پاکستانی عوام کے دل جیت لئے۔ عمران خان نے کہا گزشتہ رات عشائیے کے دوران میں نے معزز مہمان سے سعودی عرب میں موجود 25 لاکھ پاکستانیوں کے مسائل کا ذکر کیا تھا۔ جواب میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ‘‘مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں’’ ہم پاکستان کے حالات کو نظر انداز نہیں کر سکتے ہیں جو ممکن ہوا وہ کریں گے۔