اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاک سعودی تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے، 20 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، تجارت اور توانائی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے گئے۔
سعودی عرب پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، اس حوالے سے 7 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ اتوار کی شب دستخطوں کی تقریب وزیر اعظم ہائوس میں ہوئی، تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔ جن شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ان میں آئل ریفائننگ، پیٹروکیمیکل، قابل تجدید توانائی کے ذرائع، معدنی وسائل، اسٹینڈرڈائزیشن کے شعبہ میں فنی تعاون، کھیلوں اور امور نوجوانان کے شعبوں میں تعاون اور سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت مالیاتی انتظام کے معاہدے شامل ہیں۔
اسٹینڈرڈائزیشن کے شعبے میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر سعودی عرب کے وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القاسمی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دستخط کئے، کھیلوں اور امور نوجوانان کے شعبوں میں تعاون کی یادداشت پر فہمیدہ مرزا اور سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے دستخط کئے، سعودی مصنوعات کی درآمد سے متعلق معاہدے پر وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی وزیر خارجہ نے دست خط کئے، سعودی فنڈز کے ذریعہ پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ کے معاہدے پر بھی اسد عمر اور سعودی وزیر خارجہ نے دستخط کیے۔
پاکستان میں ریفائنری پٹروکیمیکل پلانٹ کے قیام کے لیے ہونے والے معاہدے پر وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اور سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے، دونوں وزرا نے معدنی وسائل کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پربھی دستخط کیے۔ گوادر میں آئل ریفائنری 2 سے 3 لاکھ بیرل یومیہ تیل صاف کرنے کی صلاحیت کی حامل ہوگی جبکہ اس کے ساتھ پیٹروکیمیکلز کی صنعتیں بھی لگائی جائیں گی، گوادر میں آئل ریفائنری کی لاگت کا تخمینہ فزیبلٹی اسٹڈ ی کے بعد ہوگا۔ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان توانائی کے متبادل ذرائع کے حوالے سے تعاون پر بھی اتفاق ہوا ، متبادل توانائی کے شعبے میں بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، اس معاہدے پر وزیر بجلی عمر ایوب اور سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے دستخط کیے۔
توانائی کی پیداوار کے فریم ورک کی مفاہمتی یادداشت پر وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے دستخط کئے۔ سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ بجلی کے 5 منصوبوں کیلئے 1 ارب 20 کروڑ 75 لاکھ ریال فراہم کرے گا جس میں دیامر بھاشا ڈیم کے لئے 37 کروڑ 50 لاکھ سعودی ریال، مہمند ڈیم کیلئے 30 کروڑ، شونتر منصوبے کیلئے 24 کروڑ 75 لاکھ ریال، جامشورو پاور پراجیکٹ کیلئے 15 کروڑ 37 لاکھ ریال اور جاگران ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 13 کروڑ 12 لاکھ ریال فراہم کئے جائیں گے۔