اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہزادہ محمد بن سلمان سے صدر عارف علوی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، سعودی ولی کو نشان پاکستان عطا کیا جائے گا۔
چیئرمین سینیٹ آج وفد کے ہمراہ سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے، چیئرمین سینیٹ محمد بن سلمان کو تحائف دیں گے، صادق سنجرانی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ان کا پورٹریٹ پیش کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے سعودی ولی عہد کا پورٹریٹ پینسل کی مدد سے تیار کرایا ہے، شہزادہ محمد بن سلمان کو سونے کی پلیٹوں سے تیار کردہ بندوق کا تحفہ بھی دیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے یہ بندوق خصوصی طور پر آرڈننس فیکٹریز سے تیار کرائی ہے۔
یاد رہے اتوار کی شام سعودی ایئرلائن کا خصوصی طیارہ ولی عہد محمد بن سلمان کو لیکر جیسے ہی پسنی سے پاکستانی حدود میں داخل ہوا تو معزز مہمان کا شاندار فضائی استقبال کیا گیا، پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 طیاروں نے معزز مہمان کو پروٹوکول دیتے ہوئے طیارے کو اپنے حصار میں لے لیا۔ پاک فضائیہ کے طیارے مہمان کے طیارے کے دائیں اور بائیں جانب فار میشن میں پرواز کرتے ہوئے انہیں بحفاظت نور خان ایئربیس پر لائے۔ اس موقع پر طیاروں نے شاہی مہمان کوسلامی بھی پیش کی۔
سعودی ولی عہد کا طیارہ شام تقریباً 7 بج کر 50 منٹ پر نورخان ایئر بیس پر اترا۔8 بج کر 8 منٹ پر محمد بن سلمان طیارے سے مسکراتے ہوئے باہر آئے، ان کے استقبال کیلئے وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر مہمان داری خسرو بختیار طیارے کے قریب آگئے تھے۔ محمد بن سلمان وزیراعظم عمران خان سے پرجوش انداز میں گلے ملے۔ معزز مہمان نے آرمی چیف جنرل باجوہ سے بھی گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ دو ننھے بچوں نے شاہی مہمان کو پھول پیش کیے جس پر انہوں نے بچوں کے رخسار پر بوسہ لیا۔
نور خان ایئر بیس پر عمران خان اور آرمی چیف سے سعودی ولی عہد کی مختصر ملاقات ہوئی۔ شام 8 بج کر 26 منٹ پروزیر اعظم عمران خان معزز مہمان کی گاڑی خود چلاتے ہوئے انہیں ساتھ بٹھا کر وزیر اعظم ہاؤس کیلئے روانہ ہوئے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے تھے۔