اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے جملے نے پاکستانی عوام کے دل جیت لئے۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ رات عشائیے کے دوران میں نے معزز مہمان سے سعودی عرب میں موجود 25 لاکھ پاکستانیوں کے مسائل کا ذکر کیا تھا۔ جواب میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ‘‘مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں’’ ہم پاکستان کے حالات کو نظر انداز نہیں کر سکتے ہیں جو ممکن ہوا وہ کریں گے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ 20 ار ب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، پاکستانی قیادت زبردست اور مستقبل روشن ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پرتپاک استقبال پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یاد رہے گزشتہ رات سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عشائیے میں خود کو پاکستان کا سفیر قرار دیتے ہوئے عازمین حج کو پاکستان میں امیگریشن کی سہولت اور 3 ہزار قیدیوں کی رہائی پر غور کی یقین دہانی کرائی تھی۔