اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور یوم سیاہ سے متعلق قرارداد منظور کر لی گئی، قرارداد وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے پیش کی۔
قراداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان بھارتی مظالم اور جارحیت کی مذمت کرتا ہے، عالمی برادری بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہونا چاہیے، مقبوضہ کشمیر میں 90 ہزار افراد کو شہید کیا جا چکا ہے، ایک لاکھ 40 ہزار افراد قید ہیں جبکہ 13 ہزار سے زائد کشمیری خواتین بیوہ ہوئیں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوا۔
قرارداد میں کشمیر کی ماؤں، بہنوں، بیٹوں اور بھائیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ گزشتہ ستر سال سے کشمیری عوام آزادی کے لئے لڑ رہے ہیں۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ میں اقوام متحدہ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی قرادادوں پر عملدرآمد کرائے اور کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔