بھارتی تسلط کے 71 برس مکمل، دنیا بھر میں کشمیریوں کا یوم سیاہ

Last Updated On 27 October,2018 08:14 pm

سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کیخلاف ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، مظاہروں اور ریلیوں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

میرپور آزاد کشمیر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یوم سیاہ کے جلوس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں تاجروں وکلاء طلبا سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

مظاہرین نے بھارتی حکومت اور غاصب بھارتی افواج کے خلاف نعرے بازی کی۔ راولا کوٹ میں بھی بھارتی مظالم کیخلاف شہر میں ریلیاں نکالی گئیں، شمالی وزیرستان میں طلبا نے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی ریلی نکالی، مظاهرین نے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے نعرے درج کئے تھے۔

ضلع خیبر کے لنڈیکوتل بازار میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے سیاسی جماعتوں اور قبائلی مشیران نے احتجاج کیا۔

لاڑکانہ میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے اسکول کے بچوں نے ریلی نکالی۔ گھوٹکی، نوشہرو فیروز میں بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کیا گیا۔ اٹک، بنوں میں بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔