پنجاب میں خوشحالی لانے کی سزا شہباز شریف کو دی گئی: مریم اورنگزیب

Last Updated On 06 October,2018 06:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے نیب کو پشاور میں احتساب عدالت پر لگا تالہ نظر کیوں نہیں آتا، وزیر اطلاعات ادارے کے ترجمان کیوں بنے ہوئے ہیں، پنجاب میں خوشحالی لانے کی سزا شہباز شریف کو دی گئی۔

ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نااہل لوگ خیبرپختونخوا میں ایک پل نہیں بناسکے، آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، پی ٹی آئی سیاسی میدان میں شکست نہیں دے سکی، اس لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا صاف پانی کیس میں بلایا، مگر آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کرلیا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری سیاسی انتقام کی کڑی ہے، تفتیش میں ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے، حکومت ایسے اقدامات کرے گی تو کارکنوں کاردعمل فطری ہے، مسلم لیگ ن نے قانون کی حکمرانی کی مثال قائم کی ہے۔