شہباز شریف کی پیشی پر لیگی کارکنوں کا احتجاج، بکتر بند گاڑی پر چڑھ گئے

Last Updated On 06 October,2018 10:35 am

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے احتساب عدالت میں پیشی کے دوران لیگی کارکن احتجاج اور نعرے بازی کرتے رہے، کئی متوالے بکتر بند گاڑی پر چڑھ گئے۔

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی پر کارکن بھی جاپہنچے، کارکنوں نے بکتربند گاڑی کو گھیر لیا اور خوب نعرے بازی کی، کئی متوالے کارکن بکتربند گاڑی پر چڑھ گئے۔

سینئر رہنما عمران نذیر اور پرویز ملک بھی بکتربند گاڑی پر چڑھ کر نعرے لگواتے رہے، اینٹی رائٹس فورس نے کارکنوں کو گاڑی سے نیچے اتاردیا۔ احتجاج میں خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، احتجاج کے دوران ایک کارکن کی حالت خراب ہوگئی۔