لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے شہباز شریف کی گرفتاری پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کی اجازت کے بغیر قائدِ حزب اختلاف کی گرفتاری خلاف قانون ہے۔
ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عوامی خدمت گاروں کو محض سیاسی مخالف ہونے پر عبرت کا نشان بنانے کی روش پہلے بھی ملک و قوم کا نقصان کر چکی ہے۔ چین اور ترکی سمیت جس کو ساری دنیا نے شاباش دی، اس کی مثال دی، نیب نے اسے گرفتار کر لیا۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کے استعمال کی بد قسمت تاریخ ایک بار پھر دہرائی جا رہی ہے، سیاستدانوں کو کرپشن کی ایک برائی بنا کر پیش کرنا ملک دشمنی ہے، ملک کو اس کا نقصان ہو رہا ہے۔ شہباز شریف نے اپنی زندگی قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے وقف کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ضمنی الیکشن کے موقع پر گرفتاری سے ثابت ہو گیا کہ حکومت مسلم لیگ ن سے کتنی خوفزدہ ہے۔ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن مخالفین اپنی سیاسی موت سمجھتے ہیں۔ لیڈر آف دی اپوزیشن اور لیڈر آف دی ہاؤس کے ساتھ برتاؤ میں واضح فرق قوم اور پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے لئے یہ ہتھکنڈے نئے نہیں، آمر مشرف کا دور جبروستم پارٹی قیادت، کارکنوں اور حامیوں نے جرات، و بہادری اور دلیری سے گزارا ہے۔ ایسی چیرہ دستیوں سے مسلم لیگ ن کے شیروں کے حوصلےاور جذبے مزید بڑھتے ہیں۔ مسلم لیگ ن تمام صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور قائدین کی مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔