شہباز شریف کی گرفتاری: اپوزیشن کا قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

Last Updated On 06 October,2018 11:19 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن اراکین نے اسد قیصر سے قومی اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر بلانے کا مطالبہ کر دیا۔ سردار ایاز صادق، مرتضی جاوید عباسی، رانا تنویر، طاہرہ اورنگزیب نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کر کے شہباز شریف کی گرفتاری پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

 اپوزیشن وفد نے قومی اسمبلی اجلاس کیلئے جمع ریکیوزیشن کی کاپی بھی اسپیکر کو پیش کی، وفد میں راجا ظفرالحق، عبدالغفور حیدری، رانا تنویر حسین، مرتضیٰ جاوید، ایاز صادق، طاہرہ اورنگزیب شامل تھیں۔ راجا ظفر الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم نے قومی اسمبلی اجلاس بلانے کیلئے ریکیوزیشن جمع کرا دی ہے، اجلاس بلا کر اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری پر بحث کرائی جائے۔

 ایاز صادق کا کہنا تھا شہباز شریف کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے، گرفتار کرنے کے بعد اسپیکر کو آگاہ کیا گیا، ایسی کارروائیاں جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہیں۔ انہوں نے کہا نیب نے بلایا صاف پانی کیس میں اور گرفتار آشیانہ کیس میں کیا، حکومت کا اس کیس میں ایک روپے کا بھی نقصان نہیں ہوا، کیا نیب اب حکومت کے اشاروں پر چلے گی، گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان اور خورشید شاہ سے مشاورت کی ہے، ان کی مشاورت سے ریکوزیشن جمع کرائی۔

 مسلم لیگ نون کے رہنما ایاز صادق نے مزید کہا کہ انتقامی کارروائیوں سے اجتناب کرنا چاہیئے، شاہ محمود قریشی سے بھی رابطہ کروں گا، اپوزیشن لیڈر کا کل استحقاق مجروح ہوا۔ عبدالغفور حیدری نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری افسوس ناک اور شرمناک ہے، موجودہ حکومت نے آغاز میں ہی قبرستان جانے کا ارادہ کرلیا ہے۔