شہباز شریف کی گرفتاری خوش آئند ہے، فواد چودھری

Last Updated On 05 October,2018 09:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے شہباز شریف کی گرفتاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی ہو احتساب کے عمل کو آگے بڑھنا چایے۔

شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے وزیرِ اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ یہ مقدمات گزشتہ دور حکومت میں بنائے گئے، نگران حکومت کے دور میں بھی یہ مقدمات چلتے رہے۔ نیب نے دیکھ لیا ہے کہ ان مقدمات میں بہت بڑی کرپشن ہوئی ہے، اس لیے اب انکوائری کو انوسٹی گیشن میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ابھی تو 14 قتل بھی آگے آئیں گے، فیاض الحسن چوہان

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آشیانہ و دیگر سکیموں میں 56 ارب روپے کرپشن کے الزامات ہیں، حکومت شہباز شریف کی گرفتاری کے معاملے میں غیر جانبدار ہے لیکن پاکستان کو جن لوگوں نے لوٹا ان کا احتساب ہونا چاہیے، شہباز شریف کی گرفتاری کو خوش آئند سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب کے معاملے کو آگے بڑھنا چاہیے، حکومت نیب کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔

ادھر صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں کوئی بھی وعدہ معاف گواہ بن سکتا ہے، نیب نے شواہد کے ساتھ سابق وزیراعلیٰ کو گرفتار کیا۔