شہباز شریف کی گرفتاری پر احتجاج، لیگی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج

Last Updated On 07 October,2018 11:25 am

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف احتجاج مسلم لیگی رہنماوں کو مہنگا پڑ گیا، مسلم لیگ ن کے رہنما و ایم این اے وحید عالم خان اور میاں مرغوب کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنماوں کے خلاف مقدمہ تھانہ سول لائینز میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماوں نے ریگل چوک کو ٹائر جلا کر بلاک کیا، رہنماوں کے ساتھ 130 سے 140 نامعلوم لوگ بھی موجود تھے۔

ادھر مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری پر نیب کے خلاف مئیر فیصل آباد رزاق ملک کی قیادت میں لیگی کارکنوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جنہوں نے ضلع کونسل چوک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔

احتجاجی مظاہرین نے نیب اور پی ٹی آئی کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین کا کہنا تھا شہباز شریف کو پنجاب کی عوام کی خدمت کرنے کی سزا دی جا رہی ہے انہیں فوری رہا کیا جائے۔