لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب 56 کمپنیز اسکینڈل میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی، پنجاب حکومت نے کمپنیز کے فرانزک آڈٹ کروانے کا فیصلہ کر لیا۔ سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ دنیا نیوز نے کمپنیز اسکینڈل بے نقاب کیا تھا، ان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
دنیا نیوز نے پنجاب کی 56 کمپنیوں کا اسکینڈل بریک کیا تو تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہوئے، انکوائریز شروع ہوئیں تو سابق حکومت بھی میدان میں آگئی اور معاملات کو چھپانے لگی۔ دنیا نیوز کی جانب سے اسکینڈل بریک کرنے پر موجودہ صوبائی وزیر بلدیات نے دنیا نیوز کو مبارکباد پیش کی۔ نئی حکومت نے آتے ہی پنجاب کی کمپنیوں کے فرانزک آڈٹ کروانے کا فیصلہ کر لیا۔
سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ سابق دور میں کوڑا اٹھانے کا ٹھیکہ 18ڈالر میں دیا جبکہ 10ڈالر میں بھی کمپنیاں اٹھانے کو تیار تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ کس طرح من پسند کمپنیوں کو نوازا گیا ہے، سب کچھ تبدیل ہوگا اور میرٹ پر کام ہو گا، عوام کے بنیادی مسائل بھی حل ہوں گے۔