صاف پانی کمپنی سکینڈل میں وسیم اجمل وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار

Last Updated On 02 August,2018 02:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب صاف پانی کمپنی سکینڈل میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، سابق سی ای او وعدہ معاف گواہ بننے کو تیارکو ہو گئے، وسیم اجمل نے مہنگے ٹھیکے دینے کا ملبہ شہبازشریف پرڈال دیا۔

 وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے بعد سابق سی او وسیم اجمل بھی وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے تیار ہو گئے ہیں۔ وسیم اجمل نے نیب کو ابتدائی بیان ریکارڈ کرا دیا جس میں وسیم اجمل نے مہنگے ٹھیکے دینے کاملبہ شہبازشریف پر ڈالتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے کہنے پر لوکل کے بجائے انٹرنیشنل کمپنیوں کو ٹھیکے دیئے گئے اور جو ٹھیکے دیئے گئے ہیں وہ مہنگے دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 4 افسران اور 2 بورڈ ممبرز نے بھی مداخلت کی۔

خیال رہے گزشتہ روز آشیانہ اقبال سکینڈل میں فواد حسن فواد نے کئی سابق افسران وعہدیداران کے خلاف انکشافات کئے تھے جن کی روشنی میں نیب کئی افسران و سیاستدانوں کو طلب کر سکتا ہے۔ فواد حسن فواد نے تحقیقات میں شہباز شریف پرمزید ملبہ ڈالا تھا۔

ذرائع کے مطابق نیب تحقیقات کے دوران کئے گئے انکشافات سے پتہ چلا کہ شہباز شریف اور فواد حسن فواد ٹھیکہ دینے سے متعلق ایک پیج پرنہیں تھے، شہباز شریف کاسا ڈویلپرز اور پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے حق میں تھے جبکہ فواد حسن فواد اورنج ہولڈنگ کمپنی کو ٹھیکہ دلوانا چاہتے تھے۔ فواد حسن فواد کے مطابق شہبازشریف کے کہنے پر کاسا ڈویلپرز کو ٹھیکہ دیا گیا۔